ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پنشن سے متعلق زیر التواء درخواستوں کا تصفیہ جون کے آخر تک کرلیاجائے: دہلی حکومت کی حکام کوہدایت

پنشن سے متعلق زیر التواء درخواستوں کا تصفیہ جون کے آخر تک کرلیاجائے: دہلی حکومت کی حکام کوہدایت

Sun, 21 Jun 2020 22:07:49    S.O. News Service

نئی دہلی، 21 جون (آئی این ایس انڈیا) دہلی حکومت نے متعلقہ حکام کو سینئر شہریوں، بیواؤں اورمعذوروں کی پنشن سے متعلق تمام زیر التواء درخواستوں کو جون کے آخر تک نمٹانے کا حکم دیا ہے۔

در اصل دہلی کے وزیر برائے سماجی بہبود راجندر پال گوتم پنشن معاملات کی صورت حال کا پتہ لگانے کے لئے پوری دہلی میں بغیر کسی پیشگی اطلاع کے معائنہ کیاتھا اور پایا کہ مالی مدد کے لئے بڑی تعداد میں آن لائن درخواستیں زیر التواء ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے درخواستوں کو نمٹانے کا حکم دیا۔

سرکاری حکم میں کہا گیا ہے کہ وقتا فوقتا کئی ہدایات کے باوجود درخواستیں کئی مہینوں سے زیر التوا ہیں۔ وزیر نے تمام زیر التواء درخواستوں کو جون کے مہینے تک نمٹانے کی ہدایت دی ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ تمام ضلعی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تینوں مالی امداد کی اسکیموں کی زیر التوا درخواستوں کانمٹارا کریں، جن میں آپریٹر سطح پر پھنسے اور ایسی درخواستیں شامل ہیں جن میں کچھ خامیاں ہیں۔

عہدیداروں سے ایک پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے جس میں یہ ہدایت دی گئی ہے کہ 15 جون تک زیر التوا درخواستوں کا یکم جولائی تک تصفیہ کر لیا گیا ہے۔ گوتم نے اس سے قبل سینئر شہریوں،معذوروں اور بیوہ خواتین کی پنشن کی درخواستوں کو جلد از جلد نمٹانے کا بھی حکم دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھاکہ زیر التواء پنشن معاملات مایوس کن ہیں۔ میں نے محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ ویمن اینڈ چائلڈ ڈویلپمنٹ کے تحت تمام ضلعی دفاتر کو فوری آڈٹ کا حکم دیا ہے۔ میں نے دفاتر کو آسانی سے چلانے کے لئے تمام خالی عہدوں کو پُر کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

کرونا وائرس کے انفیکشن سے لوگوں کی روزی روٹی پر اثر انداز ہونے کے پیش نظر، دہلی حکومت نے مارچ کے مہینے میں پانچ لاکھ بزرگ شہریوں، ڈھائی لاکھ بیواؤں اور ایک لاکھ معذور افراد کی پنشن میں اضافہ کرکے دوگنا کردی تھی۔ بیواؤں اور معذوروں کی پنشن دو ہزار پانچ سو سے بڑھا کر پانچ ہزار اور سینئر شہریوں کی پنشن دو ہزار روپے سے بڑھا کر چار ہزار روپے کردی گئی۔


Share: